منگل 15 ستمبر 2026 - 12:42
طالب علمی کوئی پیشہ یا سماجی مقام نہیں بلکہ الٰہی مشن، فریضہ اور معاشرتی خدمت ہے

حوزہ / حجۃ الاسلام والمسلمین عالم زادہ نوری نے کہا: طالب علمی کوئی پیشہ نہیں بلکہ رسالت، مشن، الٰہی فریضہ اور معاشرتی خدمت ہے۔ معاشرہ میں دین کا قیام حوزاتِ علمیہ کی بنیادی ذمہ داری اور انبیائے کرام علیہم السلام کے مشن کا تسلسل ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ کے امورِ تہذیب و تربیت کے سرپرست حجۃ الاسلام والمسلمین محمد عالم زادہ نوری نے ’’طلبگی شناخت‘‘ کے عنوان سے منعقدہ نشست میں گفتگو کرتے ہوئے طالب علمی کی حقیقت کو درست طور پر سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا: طالب علمی کوئی پیشہ یا سماجی مقام نہیں بلکہ ایک رسالت، مشن اور الٰہی فریضہ ہے، جسے طالب علم کو شعوری طور پر قبول کرنا چاہیے اور اس کی تکمیل کی راہ میں آگے بڑھنا چاہیے۔

حوزہ علمیہ کے امورِ تہذیب و تربیت کے سرپرست نے کہا: جو شخص حوزہ علمیہ میں داخل ہوتا ہے، اسے مختلف علوم اور مہارتیں سیکھنے سے پہلے یہ جاننا چاہیے کہ وہ کس دنیا میں داخل ہوا ہے اور اس دنیا میں اسے کیا کردار ادا کرنا ہے۔ طلبگی کی دنیا کو سمجھنا اور اس کے نقشۂ راہ کو واضح کرنا، صحیح طلبگی شناخت کی تشکیل کا مقدمہ ہے۔

انہوں نے کہا: طالب علم کو اپنے پیشِ نظر راستے کے بارے میں اپنی سوچ کو روزمرہ کی سرگرمیوں کی سطح سے بلند کرنا چاہیے۔ طلبگی کی شناخت کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ طلبگی کی دنیا کو ایک وسیع تناظر میں دیکھا جائے اور دین و معاشرے کے نظام میں حوزہ، روحانیت اور طالب علم کے مقام کو سمجھا جائے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین عالم زادہ نوری نے مزید کہا: طالب علم کو معلوم ہونا چاہیے کہ حوزاتِ علمیہ کے وجود کا فلسفہ کیا ہے، روحانیت کس مقصد کے لیے تشکیل پائی اور معاشرے میں ایک دینی عالم کی ذمہ داری کیا ہے کیونکہ ان سوالات کے جوابات کے بغیر ممکن ہے کہ ایک طالب علم برسوں حوزہ میں تعلیم تو حاصل کرے لیکن اسے اپنی شناخت اور رسالت کا واضح تصور حاصل نہ کر پائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha